ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوپی کے ضمنی انتخابات کی شکست بی جے پی کی پالیسیوں کے خلاف عوامی رائے نہیں:یوگی

یوپی کے ضمنی انتخابات کی شکست بی جے پی کی پالیسیوں کے خلاف عوامی رائے نہیں:یوگی

Sun, 18 Mar 2018 23:23:16    S.O. News Service

لکھنؤ ،18؍ مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے حال ہی میں گورکھپور اور پھول پور لوک سبھا ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کو اپنی پارٹی کی پالیسیوں اور پروگراموں کے خلاف عوامی رائے ماننے سے انکار کیا ہے۔وزیر اعلی نے یہاں منعقد ایک نجی پروگرام میں کہا کہ گورکھپور اور پھول پور ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو ملی شکست اس کی پالیسیوں اور پروگراموں کے خلاف مینڈیٹ نہیں ہے۔یوگی نے کہا کہ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے اتحاد نے بی جے پی کے ووٹ بینک میں کوئی نقب نہیں لگائی ہے اور بی جے پی ان انتخابات سے سبق لیتے ہوئے مستقبل میں بہتر کارکردگی کرے گی۔وزیر اعلی نے ایس پی اور بی ایس پی کے معاہدے کو ایک سیاسی ڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی اتحاد نہیں ہے۔ہر کوئی جانتا ہے کہ ان دونوں جماعتوں نے اتر پردیش کا کتنا زیادہ نقصان کیا ہے۔پروگرام کے دوران جب ان سے کہا گیا کہ کوئی بھی سنت اپنے مخالفین کے خلاف اتنے تلخ الفاظ کا استعمال نہیں کرتا، یوگی نے کہا میں نے جو بھی کہا ہے وہ صحیح ہے اور میں اس پر قائم ہوں۔معلوم ہو کہ یوگی نے گزشتہ دنوں ضمنی انتخابات مہم کے دوران ایس پی اور بی ایس پی کو سانپ اور چھچھندر کہا تھا۔یوگی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بی ایس پی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں۔دونوں ون مین شو پر مبنی ہیں اور دونوں کا کردار غیر جمہوری ہے۔ایک سوال پر انہوں نے حیرت انگیزاظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر راہل گاندھی کیا اب سائیکل (ایس پی کا انتخابی نشان) کی سواری چھوڑ کر ہاتھی (بی ایس پی کا انتخابات نشانات)کی سواری کریں گے۔


Share: